گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف پاکستانی قوم کی مکمل یکجہتی اور حب الوطنی کو نمایاں کر دیا ہے۔ سروے کے مطابق 93 فیصد پاکستانیوں نے اپنے وطن کے دفاع کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگرچہ بھارت سے کشیدگی جاری ہے، پھر بھی 72 فیصد پاکستانیوں نے امن کی حمایت کرتے ہوئے جنگ کو نقصان دہ قرار دیا اور مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کا مشورہ دیا۔
اس کے برعکس، 27 فیصد افراد نے بھارت کے حملے کا منہ توڑ جواب دینے اور جنگ کی حمایت کا اظہار کیا۔
یہ سروے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے آزاد کشمیر کے علاقوں مظفر آباد، کوٹلی اور باغ کے علاوہ پنجاب کے مریدکے اور شگر گڑھ میں بھی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 31 پاکستانی شہید اور 57 زخمی ہوئے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی اس کھلی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کے 5 طیاروں، جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے، کو مار گرایا اور مقبوضہ کشمیر میں کئی بھارتی چیک پوسٹیں تباہ کر دیں۔
یہ قومی یکجہتی اور فوجی جواب اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان نہ صرف عسکری طور پر تیار ہے بلکہ اس کے عوام بھی ہر محاذ پر اپنے وطن کے دفاع کے لیے متحد ہیں۔