خیبرپختونخوا اور پنجاب کے پی ڈی ایم اے نے صوبوں کے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، دونوں صوبوں میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے ۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا ۔
خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات بونیر، ملاکنڈ اور مانسہرہ میں پیش آئے، جاں بحق افراد میں ایک مرد، 2 خواتین اور 2 بچے جبکہ زخمیوں میں 1 بچہ شامل ہے جبکہ حادثات کے دوران ایک گھر منہدم ہو گیا ۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ بارشوں کا سلسلہ 11 جولائی تک جاری رہنے کی پیشنگوئی بھی کی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کر رکھا ہے ۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور گجرانوالہ میں بوسیدہ عمارات گرنے سے 2 شہری جاں بحق ہوئے، جن میں ایک خاتون اور ایک بچی شامل ہے جبکہ بارشوں کے باعث 2 مخدوش اور کچے مکانات بھی متاثر ہوئے ۔
پی ڈی ایم اے نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات کی ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، جاں بحق افراد کے لواحقین کی بھی حکومتی پالیسی کے تحت امداد یقینی بنائی جائے گی ۔