مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کے افسر کی گاڑی پر شرپسندوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے،ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق حملے میں قائم مقام ڈی ایس پی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ مستونگ میں قومی شاہراہ پر پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کا ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
شاہد رند نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کےمطابق حملے میں قائم مقام ڈی ایس پی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، سیکورٹی فورسز جائے وقوعہ پر موجود ہیں جبکہ علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پولیس موبائل پر دہشت گرد حملے میں پولیس اہلکاروں پر ہوئے حملے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے شہید کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی ۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں ۔