سوات: بریکوٹ کے علاقے بارڑئی میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی کی مشترکہ کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے ،سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں رحیم اللہ عرف روح اللہ کا تعلق افغانستان کے علاقے نورستان سے ہے ۔
سوات: سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بریکوٹ، پررئی میں سی ٹی ڈی سوات اور ضلعی پولیس کی جانب سے ایک حساس اور کامیاب کارروائی کے دوران تین انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں تینوں دہشتگرد مارے گئے ۔
ہلاک دہشتگردوں میں سوات کا رہائشی اجمل عرف وقاص، ضلع شانگلہ کا رہائشی مطیع اللہ عرف اسحاق / جنید شامل ہیں ۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں افغانستان کے علاقے نورستان کا رہائشی رحیم اللہ عرف روح اللہ بھی شامل ہیں ۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجمل 9 سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں وی ڈی سی کے ارکان کا قتل، ایک وکیل پر حملہ، اور بھتہ خوری شامل ہیں۔ مطیع اللہ اور رحیم اللہ بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کے مقدمات میں مطلوب تھے ۔
تینوں دہشتگرد کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ تھے اور سیکیورٹی قافلوں پر آئی ای ڈی حملے، پولیس تھانوں پر حملے، اور پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھے ۔
ابتدائی تحقیقات سے دہشتگردوں کے غیر ملکی روابط اور فنڈنگ کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ یہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز، عوامی املاک اور ریاستی حامی افراد کو نشانہ بنانے کے منصوبے بنا رہے تھے ۔
سی ٹی ڈی سوات اور ضلعی پولیس کی مشترکہ کوآرڈی نیشن سے یہ اہم کامیابی حاصل ہوئی، جو علاقے میں امن و امان کے قیام کی جانب ایک نمایاں پیشرفت ہے ۔