لوئرجنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں اور قبائلی رہنما کے قبیلے کے درمیان جھڑپ میں ملک عاشق نور کے بھائی ملک اسلم نور جان کی بازی ہار گئے، دو خواتین سمیت قبائلی رہنما کادوسرا بھائی زخمی ہوگیا، جوابی کارروائی میں ایک کمانڈر سمیت متعدد دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔
خیبر نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ لوئر جنوبی وزیرستان کے علاقے دژہ غونڈئی میں دہشت گردوں اور قبائلی رہنماء ملک عاشق نور کے قبیلے کے درمیان جھڑپ اس وقت ہوئی جب رات گئے دہشتگردوں نے ان کے گھر پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا ۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے حملے میں ملک عاشق نور کے بھائی ملک اسلم نور جاں بحق اور دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ،زخمی ہونے والوں میں ملک اسلم نور کا ایک بھائی بھی شامل ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپ میں دہشتگردوں کا بھی بھاری نقصان ہوا، دہشتگردوں کا ایک کمانڈر موقع پر ہلاک ہوگیا اور متعدد دہشتگردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں ۔
اس سے قبل ملک عاشق نور کے دو بھائی صدراتی ایوارڈ یافتہ ملک اسلم نور اور ملک خادین بھی شہید کئے گئے ہیں، ملک عاشق نور کا تعلق احمدزئی وزیر قبیلے کے ذلی خیل شاخ سے ہے ۔