خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے بیشتر علاقوں میں چھپے دہشتگردوں کے خلاف فوج آپریشن شروع کردیا گیا، آپریشن سے قبل ماموند بھر میں تین روز کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے ۔
باجوڑ: تفصیلات کے مطابق تحصیل ماموند کے 27 دیہات میں دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، آپریشن کے پہلے روز سیکیورٹی فورسز کے گن شپ ہیلی کاپٹرز نے مختلف علاقوں میں گن شپ ہیلی کاپٹرز سے شیلنگ کی ۔
ذرائع نے اخبار خیبر کو بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے شیلنگ کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، شیلنگ میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ، تاہم دہشتگردوں کے متعدد خفیہ ٹھکانے تباہ کئے گئے ۔
دوسری جانب آپریشن سے قبل علاقہ بھر میں 3 روز کیلئے کرفیو نافذ ہے، اور علاقے سے لوگوں کی نقل مکانی بھی شروع ہو چکی ہے ۔
نقل مکانی کرنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ماموند سے باہر نقل مکانی کرنے والوں کے لئے سرکاری سکولوں اور باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں عارضی ٹینٹ لگا دیئے ہیں لیکن جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں وہ ناکافی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عارضی ٹینٹوں میں انتظامیہ کی جانب سے کوئی امداد نہیں دی جار ہی بلکہ مقامی فلاحی تنظیمیں نقل مکانی کرنے والوں کی خدمت کر رہی ہیں ۔
دوسری طرف محکمہ صحت اور باجوڑ ریسکیو کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھیہ لگایا گیا ہے ، نقل مکانی کرنے ولے لوگوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے ان کی ہر ممکن مدد کی اپیل کی ہے ۔