ہنگو میں پولیس گاڑی پر بم دھماکہ ہوا ہے جس میں ایس پی آپریشن اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، پولیس حکام کے مطابق ایس پی اسد زبیر اس سے قبل ہونے والے دھماکے کا معائنہ کرنے جارہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق دھماکے میں ایس پی آپریشن اسد زبیر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے نتیجے میں پولیس موبائل الٹ گئی ۔
ہنگو پولیس حکام نے بتایا کہ بلیامینہ میں غلمینہ چیک پوسٹ خالی تھی، خالی چیک پوسٹ کو دہشت گردوں نے دھماکے سے اڑایا، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی آپریشن اسد زبیر پارٹی سمیت پہنچ گئے ۔
انہوں نے بتایا کہ بلیامینہ کے مقام پر دوسرا بارودی مواد کا دھماکہ ہوا جس کا شکار ایس پی اور پولیس اہلکار ہوئے اور تینوں شہید ہوگئے ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو کے قریب پولیس موبائل پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایس پی آپریشن اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید ایس پی اسد زبیر اور دونوں پولیس اہلکاروں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، تمام ہمدردیاں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔

