کابل افغان طالبان کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس (جی ڈی آئی) کے ایک سینئر اہلکار اور ادارے کے سربراہ کے سیکریٹری مولوی نعمان غزنوی کابل میں ہلاک ہو گئے ہیں ۔
کابل: طالبان سے وابستہ متعدد ذرائع اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، تاہم تاحال طالبان حکام کی جانب سے اس واقعے سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ۔
مولوی نعمان غزنوی کو طالبان کے انٹیلی جنس سربراہ عبد الحق واثق کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا تھا، ذرائع کے مطابق وہ کابل کے مشرقی علاقے بٹخاک میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ہلاک ہوئے، تاہم واقعے کی نوعیت اور اسباب ابھی واضح نہیں ہو سکے ۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض غیر مصدقہ اطلاعات میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہلاکت گھر کے اندر پیش آنے والے کسی واقعے کا نتیجہ ہو سکتی ہے، جبکہ کچھ حلقے اسے سکیورٹی سے متعلق کسی معاملے سے جوڑ رہے ہیں، تاہم طالبان حکام نے کسی بھی مؤقف کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی اب تک کسی گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔
حکام کی خاموشی کے باعث واقعے کے پس منظر اور محرکات کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

