پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم ہو گئی، جہاں پہلی بار پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1 لاکھ 75 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جب انڈیکس میں 1 ہزار 900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس تیزی کے نتیجے میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 175,205 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری سیشن کے دوران بھی مارکیٹ میں بھرپور خریداری کا رجحان رہا تھا، جس کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ایک نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔ جمعہ کے روز سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری دیکھی گئی تھی۔
گزشتہ پورے ہفتے کے دوران مارکیٹ میں مجموعی طور پر مثبت رجحان غالب رہا، جس کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران 172,582.95 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی پہنچا تھا۔

