افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے پاکستان کے حالیہ بیانات کا خیرمقدم کیا ہے جن میں کابل اور اسلام آباد کے درمیان تناؤ کو کم کرنے کی کوششوں کی بات کی گئی تھی۔
کابل میں ایک سے خطاب کرتے ہوئے حقانی نے کہا کہ وہ ہر اُس بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں جو دونوں ممالک کے مسائل کو حل کرنے میں مددگار ہو۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان میں علماء کا ایک اجتماع ہوا جس میں جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مفتی تقی عثمانی نے افغانستان کے حق میں بیانات دیے، ہم ان کا شکر گزار ہیں۔ اور کل ہی پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان کے بارے میں مثبت بیانات دیے، ہم ان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
حقانی نے مزید کہا کہ اسلامی امارت افغانستان علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے پرعزم ہے اور افغان عوام کسی کے لیے خطرہ نہیں بننا چاہتے۔
افغان وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جب اس کا اپنا ملک بے مثال سیکیورٹی کے ساتھ موجود ہے، تو وہ دنیا کے لیے بھائی چارے اور امن کا پیغام بھی دیتے ہیں۔ ہم لوگوں کی خدشات کو دور کرنا چاہتے ہیں، چاہے وہ اندر ہوں یا باہر۔ اور یہ یقین دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ افغان شہری کسی کو بھی نقصان پہنچانے کی نیت نہیں رکھتے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حال ہی میں کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ خیرسگالی کا رویہ رکھتا ہے اور نہیں چاہتا کہ افغان سرزمین اس کے خلاف استعمال ہو۔

