وسطی کرم کے علاقے مناتو اور کامران کلی میں شدت پسندوں کے دو گروپوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپ میں 18 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جھڑپ شدت پسند کمانڈر کاظم اور گروپ کمانڈر ممتاز امتی کے حامیوں کے درمیان ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں گروپوں کو بھاری نقصان پہنچا جبکہ ممتاز امتی بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔ واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے لاشیں مختلف مقامات سے برآمد کر کے تدفین کا عمل شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق وسطی کرم میں شدت پسندوں کے متعدد گروپ سرگرم ہیں، جن کے خلاف سیکیورٹی فورسز کئی بار آپریشن کر چکی ہیں۔ کارروائیوں کے دوران سیکڑوں شدت پسند مارے گئے جبکہ ان کے کئی تربیتی مراکز اور ٹھکانے بھی تباہ کیے جاچکے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ آخری اطلاعات تک مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

