اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کا دسواں کانووکیشن: 221 طلبہ میں ڈگریاں اور 30 گولڈ میڈلز تقسیماس موقع پر صوبائی وزیر کا مٹیریل سائنس لیب کے لیے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا ۔
پشاور : اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے زیرِ اہتمام دسویں کانووکیشن کی ایک پروقار تقریب کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں مختلف فیکلٹیز کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں ڈگریاں اور گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے ۔
تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
کانووکیشن کے دوران مجموعی طور پر 221 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، جن میں پی ایچ ڈی کے 19 طلبا،
ایم فل کے 40،بی ایس کے 160 طلبا و طالبات شامل ہیں ۔
تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مختلف شعبہ جات کے 22 پوزیشن ہولڈر طلبہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا، اس موقع پر شعبۂ فنون و زبان، شعبۂ بنیادی و سماجی علوم، شعبۂ قدرتی علوم، شعبۂ مذہبی و قانونی علوم اور شعبۂ ٹیکنالوجی و انجینئرنگ سائنسز کے مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے شرکت کی ۔
تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر یونیورسٹی فیکلٹی کے 8 اساتذہ کو خصوصی گولڈ میڈلز سے نوازا گیا، جنہوں نے اپنے پہلے پی ایچ ڈی طالب علم کو کامیابی کے ساتھ فارغ التحصیل (گائیڈ) کیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر، مینا خان آفریدی اور وائس چانسلر نے کامیاب ہونے والے تمام طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی، مقررین نے اپنے خطابات میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدید علوم کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملک کی ترقی اور روشن مستقبل کی اصل ضمانت ہے ۔”
اس موقع پر صوبائی وزیر نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں تحقیق کے شعبے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مٹیریل سائنس لیب (Material Science Lab) کی خاطر 50 کروڑ روپے کے خطیر فنڈز کا خصوصی اعلان کیا ۔

