بانی تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے خفیہ ملاقات کا انکشاف کیا ہے، دوسری جانب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی وزیر سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملاقات سیاسی نوعیت کی نہیں تھی ۔
علیمہ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پارٹی کے علم میں لائے بغیر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے خاندان کو اس ملاقات کا کوئی علم نہیں تھا اور ملاقات میں خاندان کا کوئی بھی رکن موجود نہیں تھا ۔
علیمہ خان کے الزام کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وضاحت پیش کی ہے ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے ہمراہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے معاملے پر گفتگو کی ۔
ان کا کہنا تھا محسن نقوی سے ملاقات میں کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی جو کہ رپورٹ کی جا رہی ہے ۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات بنوں میں دہشتگردی کے واقعات اور صوبےکے امن وامان سے متعلق تھی ، یہ ملاقات سیاسی نوعیت کی نہیں تھی ۔

