اسلام آ باد: وفاقی حکومت نے اخراجات کو قابو میں رکھنے کیلئے رواں مالی سال میں کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری کے اقدامات رواں مالی سال جاری رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔
منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ کا فیصلہ عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ کو بھجوا دیا ہے۔
فیصلے کے مطابق گزشتہ 3 سال سےخالی تمام آسامیاں ختم کردی جائیں گی۔
نئی آسامیوں کی تخلیق پر پابندی برقرار رہے گی اور رواں مالی سال ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی جاری رہے گی۔
مشینری اور آلات کی خریداری پر پابندی کو برقرار رکھا گیا ہے۔
حکومتی اخراجات پر ملک سے باہر علاج پر پابندی برقرار رہے گی۔
حکومتی خرچے پر غیر ضروری بیرونی دوروں پر پابندی جاری رہے گی۔
وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنے کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

