وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شفا ہسپتال منتقلی کے فیصلے پرنظرثانی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی، نظر ثانی کی درخواست گزار چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے درخواست دائرکی ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عبوری حکم جاری کیا، عبوری حکم میں بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی، عدالت کا حکم اختیار سماعت سے تجاوز ہے، اس پر نظرثانی ہونی چاہیے ۔
وفاقی حکومت نے مؤقف اپنایا کہ عدالت کو طبی ماہرین کی رائے لینے کے بعد یہ فیصلہ کرنا چاہیے تھا کہ آیا بانی پی ٹی آئی کی صحت کی صورتحال واقعی خراب ہوئی ہے یا نہیں ۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ 18 اگست کے عبوری حکم پر نظرثانی کی جائے اور بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق حکم واپس لیا جائے ۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے عمران خان کو نجی ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ سناتےہوئے معاملے پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم صادر فرمایا تھا ۔
پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو خواش آئند قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی عدالتی فیصلے کا پاس رکھے گی اور عمران خان کی سیاست کے معاملے پر کسی قسم کی سیاست نہیں کی جائے گی ۔

