اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جبکہ معاملے کی سماعت کیلئے 3 رکنی لارجر بنچ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے، عدالت نے کل چاروں صوبوں کو اعلیٰ حکام کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا نوٹس جاری کردیا ۔
اسلام آباد: لارجر بنچ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے ساتھ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف بھی بنچ کا حصہ ہوں گے،دوسری جانب چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے گزشتہ سماعت کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرلز کو کل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔
عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے، اس حوالے سے تمام افسران کو نوٹسز بھی جاری کردیئے گئے ۔
عدالت کے تحریری حکم نامے کے مطابق ایک تاجر کی جانب سے پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو احتجاج کے باعث ہونے والے ممکنہ نقصانات سے آگاہ کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق قانون پہلے سے موجود ہےط۔
عدالت نے اپنے حکمنامے میں قرار دیا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے، اس لیے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو عدالتی معاونت کیلئے نوٹس جاری کیا جاتا ہے، عدالت نے مزید سماعت کل تک ملتوی کردی ۔

