آج صبح افغان طالبان حکومت کی جانب سے 8 ڈرونز نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم افواج پاکستان کے فعال اور مستعد ایئر ڈیفنس سسٹم نے تمام ڈرونز کو مار گرایا ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ دیگر 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان اور پاک فضائیہ نے عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش کو پیشہ ورانہ انداز میں ناکام بنایا ۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا یہ دراندازی افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی براہِ راست معاونت اور سرپرستی کا ایک اور ثبوت ہے ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات بھی افواج پاکستان نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو اشتعال انگیز فائرنگ کے جواب میں نشانہ بنا کر تباہ کیا تھا، افواج پاکستان ملک اور عوام کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

