مظفرآباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی سے ون آن ون ملاقات کی.
ملاقات میں آزاد کشمیر کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد پہنچنے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو گلدستہ پیش کیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی ترقیاتی سرگرمیوں، عوامی فلاح و بہبود اور خطے کی موجودہ ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقیاتی ترجیحات کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں کی تکمیل میں بھی وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت کے درمیان مؤثر رابطہ کاری ضروری ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون اور رابطہ کاری کو یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے وفاقی وزیر کی آمد اور نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے آزاد کشمیر کی ترقیاتی ترجیحات کے حوالے سے وفاقی حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کو سراہا۔
ملاقات میں وفاقی حکومت اور حکومت آزاد جموں و کشمیر کے درمیان مختلف امور پر رابطہ کاری مزید مؤثر بنانے اور باہمی دلچسپی کے معاملات میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

