اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں.
ان کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بینکوں کے صدور و سی ای اوز کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے ہاؤسنگ، ایس ایم ایز اور زرعی شعبے میں قرضوں کی فراہمی کے لیے بینکوں کی کاوشوں کی پزیرائی کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ان اقدامات کا مقصد عام شہریوں، کاروباری افراد اور کسانوں کو مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز، ہاؤسنگ اور زرعی شعبے میں قرضوں کی فراہمی میں بہتری سے روزگار، سرمایہ کاری، پیداوار اور مجموعی معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور زیادہ سے زیادہ شہریوں کے استفادے کیلئے اسٹیٹ بینک قرضوں کی منظوری اور ادائیگی کے عمل کو مزید آسان بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں قرضوں کی فراہمی کسانوں کی معاشی بہتری، زرعی پیداوار میں اضافے اور غذائی تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔
چھوٹے کسانوں تک مالی وسائل کی رسائی کو ترجیح دی جائے تاکہ وہ جدید زرعی طریقے اپنانے اور اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے قابل ہو سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی فنانسنگ کے ذریعے چھوٹے کسانوں تک رسائی بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ملک کا بڑا بینک وہ ہے جو چھوٹے کسان کا بھی بینک ہو۔
وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان کے معاشی استحکام اور معیشت کی سمت کی بہتری پر وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفد کے ارکان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ترجیحی شعبہ جات میں قرضے مہیا کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون مزید بہتر بنا نے کے عزم کا اعادہ کیا۔

