سی ٹی ڈی اور پولیس نے کوہاٹ کے علاقے بازید خیل میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں عبدالحیی بھی شامل تھا، جو کوہاٹ کا رہائشی اور فتنۃ الخوارج سے وابستہ تھا، وہ کوہاٹ پولیس لائنز حملے سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔
فتنۃ الخوارج اپنی اندھا دھند دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ انسانوں کے قتل کے ذریعے معاشرے، انسانیت اور امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں ۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک بھر میں دہشت گردوں کا مسلسل تعاقب کر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ یا کارروائی کی گنجائش باقی نہیں چھوڑی جائے گی ۔
کوہاٹ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا واضح مظہر ہے ۔
کسی دہشت گرد نیٹ ورک، سہولت کار یا بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر کو پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
پاکستان میں امن و استحکام ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوگی اور پاکستان محفوظ و خوشحال مستقبل کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا ۔

