پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) اور عمانی کمپنی "او کیو ٹریڈنگ” کے مابین پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے ۔
اس نئے تجارتی معاہدے کی رو سے عمانی کمپنی پی ایس او کو ایندھن کی خریداری کے لیے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ (ادھار) سہولت بھی میسر کرے گی، جس سے پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل ترسیل کے لیے ایک مستحکم فریم ورک میسر آئے گا ۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک اور عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی نے خصوصی شرکت کی ۔
اس موقع پر دونوں وزراء کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں باہمی اشتراک کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ آئل اینڈ گیس کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کو بھی سراہا گیا ۔
متعلقہ حکام کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، او کیو ٹریڈنگ نے رواں برس 2026 کے دوران پی ایس او کو 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پیٹرول فراہم کیا ہے، جبکہ سال کے اختتام تک پاکستان کو ایل پی جی کی فراہمی کا حجم ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے بڑھ جانے کا امکان ہے ۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں برادر ممالک نے توانائی کے شعبے میں تجارتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

