دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ لیبیا کے ساحلی پانیوں میں پاکستانی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تاحال کسی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پائی، تاہم صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے طرابلس میں پاکستانی سفارت خانہ مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔
اسلام آباد: میڈیا رپورٹس پر اپنا باضابطہ ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان نے اس مبینہ حادثے کی خبروں کا فوری نوٹس لیا ہے، انہوں نے اس توقع اور دعا کا اظہار کیا کہ یہ المناک اطلاعات غلط ثابت ہوں اور کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہو ۔
ترجمان کے مطابق طرابلس میں تعینات پاکستانی سفارتی عملہ اس بات کی تہہ تک پہنچنے کے لیے سرگرم ہے کہ آیا اس بدقسمت کشتی میں واقعی پاکستانی شہری سوار تھے یا نہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں اصل حقائق جاننے کے لیے نہ صرف لیبیا کے متعلقہ حکام بلکہ عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) اور دیگر ذمہ دار اداروں سے بھی قریبی رابطہ قائم کر لیا گیا ہے ۔
دفتر خارجہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جیسے ہی اس واقعے سے متعلق کوئی مصدقہ اور حتمی معلومات موصول ہوں گی، انہیں فوری طور پر منظرِ عام پر لایا جائے گا ۔

