خیبرپختونخوا میں رواں برس دہشت گردی کے واقعات کے خلاف مجموعی طور پر 1597 مقدمات کا اندراج کیا گیا، جن میں 7278 ملزمان نامزد ہیں،سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں 909 ملزمان کو حراست میں لیا گیا جبکہ 534 ملزمان مارے گئے، تاہم 6022 ملزمان اب بھی قانون کی گرفت سے باہر اور مفرور ہیں ۔
پشاور: رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں دہشت گردی کے مقدمات کے اعتبار سے بنوں، شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان سرفہرست رہے، ضلع بنوں میں سب سے زیادہ 276 مقدمات درج ہوئے، جن میں 140 ملزمان ہلاک اور 46 گرفتار ہوئے جبکہ 1503 ملزمان مفرور قرار پائے ۔
شمالی وزیرستان میں 213 مقدمات میں 1400 ملزمان نامزد کیے گئے، جہاں 109 ملزمان مارے گئے اور 13 کو گرفتار کیا گیا، اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں درج ہونے والے 206 مقدمات میں 738 ملزمان نامزد ہوئے، جن میں سے 135 ملزمان ہلاک ہوئے ۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں دہشت گردی کے 176 مقدمات کا اندراج ہوا، جن میں نامزد 869 ملزمان میں سے 129 گرفتار اور 40 ہلاک ہوئے، جبکہ 687 ملزمان تاحال مفرور ہیں، ضلع باجوڑ میں 134 مقدمات درج کیے گئے جہاں 42 گرفتاریاں عمل میں آئیں اور 6 ملزمان مارے گئے ۔
کوہاٹ میں 120 مقدمات میں 609 ملزمان نامزد ہوئے، جن میں 72 گرفتار اور 21 ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع خیبر میں درج 109 مقدمات میں نامزد 523 ملزمان میں سے 54 گرفتار اور 42 ہلاک ہوئے ۔
دیگر اضلاع کی تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں 86، مردان میں 83 اور کرم میں 69 مقدمات درج کیے گئے۔ ضلع مہمند میں 50 مقدمات سامنے آئے جن میں نامزد 90 ملزمان میں سے 21 گرفتار اور 4 ہلاک ہوئے ۔
مزید برآں سوات میں 22 اور کوہستان میں دہشت گردی کے 11 مقدمات درج ہوئے، جن میں 33 ملزمان نامزد ہیں۔ حکام کے مطابق صوبے بھر میں مفرور 6022 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے اور کارروائیاں جاری ہیں ۔

