افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں ایک تعلیمی ادارے کے نزدیک ہونے والے شدید دھماکے کے نتیجے میں 7 طلبہ جان کی بازی ہار گئے جبکہ 97 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
کابل: بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے مقامی حکام کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ مشرقی علاقے میں واقع ایک اسکول کے قریب پیش آیا، جس کی زد میں آ کر بڑی تعداد میں طلبہ متاثر ہوئے ۔
افغان حکومت کے ترجمان نے ابتدائی تفتیش کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ یہ دھماکہ اسکول کے ملحقہ علاقے میں قائم کان کنی کرنے والی کمپنیوں کے ایک ڈپو میں ہوا، جہاں بارودی مواد ذخیرہ کیا گیا تھا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور تحقیقاتی اداروں کی ٹیمیں متاثرہ مقام پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کر کے حادثے کی مزید چھان بین شروع کر دی گئی ہے ۔
دوسری جانب کنڑ اسپتال کے سربراہ مولا داد نے قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کو بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی یہ تعداد ابتدائی رپورٹس پر مبنی ہے، تاہم بعض زخمیوں کی حالت کے پیش نظر اور مزید تفصیلات سامنے آنے پر ان اعداد و شمار میں ردوبدل کا امکان ہے ۔

