پاک فوج کے جوانوں کی دفاعی تعاون کے لیے سعودی عرب روانگی کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا گیا ۔
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی، پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ان دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری اور گہرے برادرانہ تعلقات پر مبنی ہے ۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے اپنے مؤقف پر چٹان کی طرح قائم ہے ۔
پاک فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ دستے دوطرفہ دفاعی تعاون کے طے شدہ فریم ورک کے تحت سعودی سرزمین پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے، جس سے خطے میں ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں مملکتِ سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملے گی ۔
تقریب نے دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے، باہمی اعتماد اور سٹریٹجک تعاون کے مضبوط رشتوں کو مزید اجاگر کیا اور اس عزم کو دہرایا گیا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں مملکتِ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا ۔

