بلوچستان کے ضلع کوہلو کی تحصیل جندران کے علاقے ہوسڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے 11 مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔
مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق چمالنگ کی کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدور چھٹی پر دو پک اپ گاڑیوں میں سوار ہو کر دکی جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے گاڑیوں کو روک کر مجموعی طور پر 16 مزدوروں کو اغوا کر لیا اور قریبی پہاڑی علاقے میں لے جا کر فائرنگ کا نشانہ بنایا ۔
ایس پی کوہلو طیب اقبال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جائے وقوعہ سے اب تک 11 مزدوروں کی لاشیں برآمد کر کے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ دیگر مغوی مزدوروں کی تعداد اور واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں ۔
واقعے کے فوری بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس المناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے اس حملے کو بدترین سفاکیت اور انسانیت سوز فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ محنت کشوں کو نشانہ بنانے والے درندہ صفت عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ۔

