وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کی ٹارگٹڈ فیول سبسڈی سکیم کی غیر معمولی کامیابی اور بھرپور عوامی پذیرائی پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم کے مطابق اس فلاحی منصوبے کے تحت استعمال ہونے والے ٹوکنز کی مجموعی تعداد 10 کروڑ کا اہم سنگ میل عبور کر چکی ہے، جبکہ سکیم سے براہِ راست مستفید ہونے والے انفرادی صارفین کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ سے بڑھ گئی ہے اور اب تک مستحقین میں 52 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی تقسیم کی جا چکی ہے ۔
اسلام آباد: اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً ڈیڑھ لاکھ نئے صارفین کی رجسٹریشن اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام حکومتی اقدامات پر بھرپور اعتماد کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے عام آدمی کو بچانے کے لیے ستمبر میں اس سکیم کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے ثمرات آج لاکھوں گھرانوں تک پہنچ رہے ہیں ۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس منصوبے کے تحت موٹر سائیکل سواروں، چنگ چی رکشہ مالکان اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے صارفین کو ہدف بنایا گیا ہے تاکہ محنت کش طبقے اور محدود آمدن والے خاندانوں کے سفری اخراجات میں حقیقی کمی لائی جا سکے ۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عوام کی معاشی مشکلات کے ازالے اور فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وفاقی وزارتِ خزانہ، وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارتِ پٹرولیم، وزارتِ اطلاعات و نشریات اور دیگر متعلقہ اداروں کی باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ کاوشوں کے باعث ہی اتنے بڑے پیمانے پر شفاف عمل درآمد ممکن ہو سکا ہے ۔
آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ سکیم کے تمام مراحل میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور صارفین کے لیے رجسٹریشن و سبسڈی کے حصول کا عمل مزید آسان کیا جائے تاکہ کوئی بھی مستحق شہری اس سہولت سے محروم نہ رہے ۔

