ایشیا کپ رائزنگ سٹارز فائنل میں سری لنکا نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی، پاکستان کا 217 رنز کا ہدف سری لنکن ٹیم نے 42 ویں اوور میں آخری وکٹ پر پورا کر کے میچ جیت لیا، سری لنکا کی جانب سے نشان مدوشنکا نے 87 رنز بنا کر شاندار بیٹنگ کی ۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز فائنل میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے نوجوان بیٹر شاہ زیب خان نے چار چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے، اوپنر شامل حسین نے 40 اور کپتان عبدالصمد نے 33 رنز سکور کیے ۔
سری لنکا کی جانب سے رویندو فرنینڈو اور گروکا سنکیت نے 3، 3 جبکہ نیپون دھننجایا نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں ۔
قومی ٹیم کے 217 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے ٹیم بھی سخت مشکلات سے دوچار ہوئی اور اس کے 9 کھلاڑی 198 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے ۔
آخری وکٹ کے کھلاڑیوں کی کوششوں سے سری لنکا نے 42 ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف حاصل کر لیا اور ایونٹ کی ٹرافی جیت لی ۔
سری لنکا کی طرف سے سب سے زیادہ نشان مدوشنکا نے 87 رنز بنائے اور شاندار بیٹنگ پر فائنل کے بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) کے اعزاز کے حقدار بھی قرار پائے ۔
پاکستان کی طرف سے علی رضا نے 3، سفیان مقیم نے 2 جبکہ حسن نواز، معاذ صداقت اور احمد دانیال نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی، سری لنکا کے لاستھ کروسپولے نے سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا ۔

