شائقین سے کھچا کھچ بھرے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان سُپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا ،قومی ترانے کے بعد فلائنگ سپر ہیرو نے سٹیڈیم میں چکر لگا یا اور پی ایس ایل ٹرافی چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کو پیش کی، گراؤنڈ میں مینار پاکستان کے تھری ڈی ماڈل کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں میزبانی کے فرائض نامور پریزنٹر زینب عباس نے انجام دیے،ترانے کے بعد اداکار حمزہ علی عباسی نے اسٹیج پر گفتگو کی جس کے بعد معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔
بعد ازاں تقریب میں شریک لوگ ینگ اسٹنرز کی پرفارمنس سے محظوظ ہوئے۔ جس کے بعد مشہور پاپ گلوکار علی ظفر نے شاندار پرفارمنس پیش کرتے ہوئے ملک کی ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے سندھی، پنجابی، بلوچی اور پشتو میں گانے پیش کیے ۔
بعد ازاں علی ظفر، نتاشہ بیگ، ابرار الحق اور طلحہ انجم نے پی ایس ایل 10 کا اینتھم پیش کیا ۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل10کے افتتاحی میچ سمیت 11 مقابلے ہوں گے، اس کے بعد قذافی اسٹیڈیم 18 مئی کو ہونے والے فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کرے گا ۔
کراچی اور ملتان 5،5 میچوں کی میزبانی کریں گے،11 اپریل تا 18 مئی، 37 دنوں تک جاری رہنے والے قومی میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے ۔