ملک میں فضائی آلودگی ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے ایسے میں خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں موجود فضائی آلودگی ناپنے والاسسٹم گزشتہ 10سال سے بیکار پڑا ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اسموگ اور فضائی آلودگی سنگین صورتحال اختیار کرچکی ہے جس سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہں تاہم خیبرپخونخوا حکومت کی غیر سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پشاور میں فضائی آلودگی ناپنے والاسسٹم ہی گزشتہ 10سالوں سے غیرفعال ہے۔
ذرائع کے مطابق 2007 میں جاپان کی جانب سے تحفے میں دیا گیا ائیرکوالٹی مانیٹرنگ سسٹم ای پی اےکی عمارت پرنصب ہے جو گزشتہ 10 سال سے تکنیکی خرابی کے باعث غیرفعال ہے۔ ڈی جی تحفظ ماحولیات کے مطابق سسٹم ٹھیک کرانےکے لیے وفاقی حکومت سے مددمانگی ہے جب کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، ڈی جی ای پی اے پنجاب سے بھی سسٹم ٹھیک کرانے کے لیے تکنیکی مددمانگی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ائیرکوالٹی مانیٹرنگ سسٹم ٹھیک کرانے کے لیے صوبائی حکومت سےفنڈز نہیں ملے لہٰذا ادارے کے وسائل سے ہی سسٹم کی مرمت کریں گے۔