وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نےکہا ہےکہ اب ہم فیصلہ کن جنگ کے لیے نکلیں گے جس کے جواب میں حکومتی مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ غیر معمولی احتجاج کو روکنے کے انتظامات بھی غیرمعمولی ہوں گے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہر چیز کا وقت مقرر ہے، فیصلہ کن جنگ کا وقت قریب ہے، اس دفعہ ہم فیصلہ کن جنگ کے لیے نکلیں گے، اگر ہم واپس نہ آئے تو ہمارے جنازے پڑھ لینا۔ ہمارے اندر جو خون ہے وہ سرخ ہے، سرخ رنگ کا مطلب ہے کہ اب انقلاب کا وقت بہت جلد آئے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے غیر معمولی احتجاج کا پروگرام بنایا ہے تو اُسے روکنے کیلئے ہمارے انتظامات بھی غیرمعمولی ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ افراد تو خود بانی پی ٹی آئی بھی نہیں لاسکے تھے، وہ بھی کبھی 20-25 ہزار سے زیادہ لوگ جمع نہیں کرپائے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نہ 9 من تیل ہوگا، نہ رادھا ناچے گی، پی ٹی آئی کے اس قسم کے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں ہے۔ رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی اگلے 1 ماہ میں رہا ہو رہے ہیں تو پی ٹی آئی کی یہ تحریک کس لیے ہے۔