پولیس لائن چوک بنوں میں دھرنے میں شریک عمائدین نے کہا ہے ہم کل بھی امن کیلئے نکلے تھے ،پھر بھی امن کیلئے نکلیں گے ۔
انھوں نے کہا کہ جب تک امن و امان کی صورتحال مکمل بحال نہیں ہوتی ہمار احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔
امن جرگہ مشران کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہمارے معصوم بچوں پر فائرنگ کی گئی۔ہم فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم بنوں میں کسی بھی مسلح گروپ کے دفاتر نہیں مانتے۔ امن کے ذمہ داران اپنی ذمّہ داریوں کو پورا کریں۔
امن جرگہ مشران نے کہا کہ گزشتہ روز امن پاسون پر فائرنگ کے بعد انتظامیہ نے علاقہ بھر میں موبائل نیٹ ورک بند کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے دوسرے روز بھی موبائل نیٹ ورک ، پی ٹی سی ایل وائی فائی بھی بند ہے ۔نیٹ ورک کی بندش سے لوگوں کے رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب پاک افغان بارڈر چمن میں بنوں واقعےکے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے باچاخان مرکز چمن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں عوامی نیشنل پارٹی پشتونخوا، نیشنل عوامی پارٹی اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے ضلعی قائدین نے شرکت کی۔