پشاور (شوبز ڈیسک) پاکستان کے معروف اسٹیج، ریڈیو اور ٹی وی فنکار انور علی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ انور علی کو سینئر اداکاروں اور کامیڈینز میں شمار کیا جاتا تھا۔ وہ اپنی برجستہ کامیڈی اور فنکارانہ صلاحیتوں کی بدولت اسٹیج ڈراموں میں منفرد مقام رکھتے تھے۔
چند برس قبل انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور زیادہ تر تبلیغی جماعتوں کے ساتھ دوروں میں مصروف رہنے لگے تھے۔ گمنامی کی زندگی گزارنے کے باوجود شوبز انڈسٹری میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا گیا۔
مرحوم طویل عرصے سے گردوں کے امراض میں مبتلا تھے۔ گزشتہ روز طبیعت مزید بگڑنے پر انہیں لاہور کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔
انور علی کے انتقال پر شوبز حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہیں پاکستانی اسٹیج اور ریڈیو کی تاریخ میں ایک اہم کردار کے طور پر یاد کیا جائے گا۔