اپیکس کمیٹی نے ضلع کرم میں قیام امن کےلیے تمام بنکرز اور اسلحہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں ضلع کرم میں موجود تمام بنکرز کے خاتمے اور ضلع کو اسلحے سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ بنکرز اور اسلحہ کے خاتمے کے بغیر کرم میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
اپیکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اور آئی جی خیبرپختونخوا کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کرم میں جاری صورتحال کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ مشیراطلاعات بیرسٹرسیف نے کرم صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سیف نے بریفنگ کے دوران اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ کرم میں امان و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے گرینڈ جرگے سے مسلسل ملاقاتیں جاری ہیں اور جرگے کو بنکرز ختم کرنے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی جی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے علاوہ عسکری حکام نے بھی اجلاس کو امن ومان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لیے تمام توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی، امن و امان کے لیے وفاقی حکومت بھی تعاون کرے گی، امن کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جائیں گے۔