پشاور۔ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کا ٹھیکہ منظور نظر کنٹریکٹر کو دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ کنٹریکٹر کی ناتجربہ کاری کے باعث اسٹیڈیم کی تعمیر تاخیر کا شکار ہے۔ اسٹیڈیم کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال کی نشاندہی بھی ہوئی ہے۔
کنسلٹنٹ سے ریکوری کی بجائے فیس میں 4 کروڑ روپے اضافہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق میگا پراجیکٹ کے لئے کوئی ورک پلان موجود نہیں تھا، نوتعمیر شدہ پویلین کی دیواروں پر دراڑیں موجود ہیں اور پویلین کو کور کرنے والے پینلز بھی ناتجربہ کاری کے باعث درست نہیں لگے، رپورٹ کے مطابق اسٹیڈیم کے متعدد حصوں میں ناقص اینٹوں کا استعمال کیا گیا۔ شائقین کے لئے تعمیر ای بلاک کی سیڑھیاں بھی ناہموار اورٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، نکاسی کے لئے پائپس بھی ناقص میٹریل کے استعمال کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق کنسلٹنٹ کو منظور شدہ 15.46ملین کی بجائے 17.11 ملین ادا کئے گئے، ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے لئے 1184.15 ملین روپے مختص کئے گئے تھے، اسٹیڈیم کی تعمیر سے پہلے ہی کنٹریکٹرکو مکمل ادائیگی کی جا چکی ہے۔ یاد رہے سابق صوبائی وزیر عاطف خان نے دو سال پہلے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم مکمل ہونے کا دعوی کیا تھا۔ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا کنٹریکٹر سابق کرکٹر اور ریٹائرڈ سرکاری افسر ہے۔