پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ معروف اداکارہ اریج فاطمہ نے کینسر سے صحتیاب ہونے کی خوشخبری اپنے مداحوں تک پہنچا دی۔ اریج فاطمہ نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ایک عرصے سے کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا رہیں، لیکن اب مکمل طور پر صحت مند ہو چکی ہیں۔
ویڈیو میں اریج فاطمہ نے اپنی بیماری کے دوران کے سفر کی تصاویر بھی مداحوں کو دکھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک وقت تھا جب زندگی بہت پُرسکون گزر رہی تھی، وہ زیادہ سنجیدگی سے زندگی کو نہیں لے رہی تھیں اور یہ سمجھتی تھیں کہ ان کی زندگی طویل ہو گی۔ اس دوران کئی بار انہوں نے نمازیں بھی چھوڑ دیں۔ مگر ایک دن اچانک چند گھنٹوں میں ان کی زندگی مکمل طور پر بدل گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کینسر کی تشخیص کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کے لیے بھرپور جنگ لڑی، مگر اس بارے میں پہلے کبھی عوام کو آگاہ نہیں کیا کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ لوگ ان پر طرح طرح کے الزامات لگائیں گے اور کردار پر سوال اٹھائیں گے۔ اریج کے مطابق گزشتہ چار ماہ ان اور ان کی فیملی کے لیے نہایت کٹھن ثابت ہوئے۔ ڈاکٹروں نے انہیں کوریوکارسینوما (Choriocarcinoma) نامی کینسر کی تشخیص کی، جو ایک نایاب اور نہایت جارحانہ قسم کا کینسر ہے۔ یہ رحم میں موجود نسیج سے پیدا ہوتا ہے اور عام طور پر اس وقت بنتا ہے جب نارمل حمل کے بجائے رحم میں غیر معمولی نسیج بننے لگتا ہے۔ یہ بیماری تیزی سے جسم کے دیگر حصوں تک پھیل سکتی ہے، اسی لیے اسے خطرناک سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ علاج کے دوران وہ ایک بڑی سرجری سے گزریں اور اس وقت یہ بھی یقین نہیں تھا کہ وہ بچ پائیں گی یا نہیں۔ ان کے ذہن میں صرف دو سوال تھے — ایک یہ کہ اپنے رب کے حضور کس طرح پیش ہوں گی، اور دوسرا یہ کہ ان کے بعد ان کی فیملی کا کیا ہوگا۔
اریج فاطمہ نے بتایا کہ اس تجربے کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے دو بڑے مقاصد ہیں۔ پہلا یہ کہ کبھی بھی کسی کو صرف اس کے ظاہری روپ سے نہ پرکھیں، اور دوسرا یہ کہ ہر شخص اپنی صحت کو سنجیدگی سے لے، باقاعدہ طبی معائنہ کرائے، اور اگر کسی بیماری کی علامات ظاہر ہوں تو دیسی ٹوٹکوں پر انحصار نہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ کئی سال تک انہیں فالو اپ ٹیسٹ کرانے ہوں گے تاکہ یہ کینسر دوبارہ نہ ہو۔ اس کے باوجود وہ شکر گزار ہیں اور سمجھتی ہیں کہ کینسر کے دوبارہ ہونے کا خدشہ انہیں حقیقت پسند بناتا ہے، موت کو یاد دلاتا ہے، اور زندگی کو مزید بامقصد انداز میں گزارنے کی ترغیب دیتا ہے۔
آخر میں اریج فاطمہ نے اپنے مداحوں سے دعا کی درخواست کی۔ یاد رہے کہ اریج نے 2019 میں ڈرامہ سیریل حسد کی کامیابی کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ انہوں نے 2017 میں ڈاکٹر عزیر علی سے شادی کی اور اب دو بیٹوں کی والدہ ہیں۔ اس وقت وہ امریکی ریاست اوہائیو میں مقیم ہیں۔