اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے بیپٹسٹ اسپتال پر بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی اور طبی سہولیات کو دانستہ نشانہ بنانے کا سنگین مظاہرہ ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ پام سنڈے جیسے مسیحیوں کے مقدس دن پر پیش آیا، جو اسرائیل کی طرف سے مذہبی تقدس اور انسانی جانوں کے احترام کے فقدان کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بربریت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم فلسطینیوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور غزہ کا صحت کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔ اسپتالوں پر بمباری اور انسانی امداد کی ناکہ بندی ایک سوچے سمجھے منصوبے کی عکاسی کرتی ہے جو مصائب کو طول دینے اور خطے میں مزید تنازع پیدا کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔
پاکستان نے اسرائیل کے فوری طور پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے، جس میں 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
آخر میں شفقت علی خان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے اور فلسطینی شہریوں کو مزید ظلم سے بچانے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدام کرے۔