اسلام آباد اور راولپنڈی میں مسلسل بارش کے باعث چیمپیئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان اہم میچ منسوخ کر دیا گیا ۔
میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا، جس کے بعد گروپ بی میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا 2، 2 میچوں میں 3، 3 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں ۔
اسی طرف اسی گروپ میں انگلینڈ اور افغانستان ایک، ایک میچ کھیل کر اپنے میچز ہار چکے ہیں اور تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں، گروپ بی میں اب بھی تمام ٹیموں کے پاس سیمی فائنل میں پہنچنے کا موقع ہے ۔
جبکہ دوسری طرف گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، اور پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں ۔
راولپنڈی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کے باعث آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا، امپائر کرس گیفانی اور رچرڈ کیٹلبرو نے دوپہر 1:30 بجے شیڈول ٹاس میں تاخیر کا فیصلہ کرنے سے پہلے حالات کا معائنہ کیا تھا ۔
تاہم شام تقریباً 5 بجے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیا، موسم کی پیش گوئی کے مطابق بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہ سکتا ہے ۔
یاد رہے کہ میگا ایونٹ کے گروپ بی میں اپنے ابتدائی میچوں میں آسٹریلیا نے انگلینڈ جبکہ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو شکست دی تھی ۔