ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں عمائدین کے ایک جرگے نے شادی بیاہ کی تقریبات میں خواجہ سراؤں کے رقص اور ناچ گانوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ علاقہ عمائدین کے گرینڈ جرگہ میں سامنے آیا جس میں مشران اور مقامی ناظمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
خواجہ سرا معاشرے کا پسا ہوا طبقہ ہے جن پر آئے روز تشدد کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ علاوہ ازیں ان کے لیے روزی روٹی کمانے کا کوئی ذریعہ بھی میسر نہیں ہوتا۔ ایسے میں وہ شادی بیاہ کی تقریبات میں رقص کر کے گزارہ کرتے ہیں۔ جرگہ عمائدین کا کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں کی محفلوں، ناچ گانوں، ہوائی فائرنگ اور منشیات پر مکمل پابندی ہوگی تاہم جرگہ عمائدین نے خواجہ سرائوں کے لیے روزگار کے متبادل ذرائع کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔ اس حوالے سے جرگہ عمائدین اور مقامی ناظمین کی جانب سے معائدے پر دستخط بھی کیے گئے۔