ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مختلف سکولوں ،کالجز، مدارس اور یونیورسٹیز کے اساتذہ اور طلباء و طالبات سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے تفصیلی گفتگو کی۔اس دوران شرکاء نے وطن عزیز کو درپیش مسائل کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر سے مختلف سوالات کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے نوجوانوں کو ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ نوجوان ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر ہونے والے پروپیگنڈے سے بچنے اور تحقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
شرکاء نے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کے اس سیشن کو خوش آئند اور اہم پیش رفت قرار دیا۔ اس موقع پر ایک طالبعلم سعادت خان نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی نشست میں کھل کے بات کرنے کا موقع ملا اور یہ طلباء و طالبات کیلئے کافی سود مند ثابت ہوا،ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والے پروپیگنڈے پر اطمینان بخش جوابات ملے۔
طالبعلم نور رحمان نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے اس طرح کے سیشنز سے سوشل میڈیا پر ہونے والے فوج اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھانے والے پروپیگنڈے کی شکست ہو گئی ہے۔
لیکچرر ام لیلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کیساتھ سیشن نہایت مفید اور خوش آئند رہا، افواج پاکستان کی یقیناً بڑی خدمات ہیں،افواج پاکستان ہمیشہ کی طرح اپنی خدمات اسی طرح خوش اسلوبی سے ادا کرتی رہے گی۔