خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی ۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سوات، ہری پور، لوئر دیر، باجوڑ، مالاکنڈ سمیت گردونواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
سوات اور اس کے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس ہونے کی اطلاعات ملیں، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکلے ۔
زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 112 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا ۔
مزید برآں زلزلے کے جھٹکے مختلف علاقوں میں محسوس کیے جانے کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے، تاحال جانی و مالی نقصان سے متعلق کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔

