وفاقی کابینہ نے نیشنل سکلز ڈیویلپمنٹ پالیسی کی منظوری دیدی، جس کے تحت بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سرٹیفکیشن کے لیے خصوصی اقدامات بھی شامل ہیں، اجلاس میں ملک کی پہلی قومی ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی سمیت دیگر پالیسیوں کی بھی منظوری دے دی گئی ۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو پاکستان کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا اور عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بحران کے باوجود عوامی سہولت کے لیے صورت حال ہر ممکن بہتر انداز میں سنبھالنے پر اظہار اطمینان کیا ۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں مختلف شعبہ جاتی پالیسیوں کی منظوری دی گئی، اجلاس میں ملکی سطح پر ویکسین کی تیاری کی پالیسی، ملک کی پہلی نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی، نیشنل سیڈ پالیسی اور نیشنل سکلز ڈیولپمنٹ پالیسی کی منظوری دی گئی ۔
کابینہ نے ڈریپ کی زیر نگرانی قیمتوں کے تعین اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی، پالیسی کا مقصد ویکسین کی مد میں درآمدات پر انحصار کم کرنا، قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور ملک کو ویکسین کی تیاری میں خود کفیل کرنا ہے ۔
اعلامیہ کے مطابق نیشنل سکلز ڈیولپمنٹ پالیسی کے تحت ملکی صنعت و تجارت کی ضرویات اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق افرادی قوت کی استعداد کار کو ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائےجائیں گے ۔
مزید براں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کے لیے خصوصی اقدامات بھی پالیسی کا حصہ ہیں، وفاق اور تمام صوبے اس تناظر میں باہمی تعاون سے کام کریں گے، نجی شعبہ بھی اس پالیسی پر عمل درآمد کا اہم حصہ ہوگا ۔
وفاقی کابینہ نے ملک کی پہلی نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی کی بھی منظوری دے دی، اس پالیسی کا مقصد قومی غذائی تحفظ، زرعی پیداور میں خاطر خواہ اضافہ اور زرعی شعبے میں تحقیق و ترقی اور مؤثر حکمت عملی کو یقینی بنانا ہے ۔
کابینہ نے وفاقی نظامت تعلیم میں یومیہ اجرت پر خدمات سر انجام دینے والے گریڈ 1 تا 15 کے اساتذہ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ان کی اہلیت کے مطابق ایف ڈی ای وزیٹنگ فیکلٹی ریگولیشنز 2025 کے تحت ان کی خدمات بطور وزیٹنگ فیکلٹی لیے جانے کی منظوری بھی دے دی ۔

