پی ایم ہاوس اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلابی صورت حال پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کو خط لکھا ہے اور پاکستان کی جانب سے مدد کی پیش کش کردی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے مدد کی پیشکش کردی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں حالیہ تباہ کن سیلابی صورت حال پر دلی دکھ اور رنج ہے، اس کڑے وقت میں مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں بنگلہ دیش اور بنگلہ دیش کے شہریوں، جن کے پیارے سیلاب میں بچھڑ گئے ہوں، گھر اور روزگار تباہ ہوئے ہیں، ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام مشکلات میں اپنے حوصلے اور ہمت کے لیے جانے جاتے ہیں، پر امید ہوں کہ بنگلہ دیش آپ کی قیادت میں اس مشکل سے جلد نکل آئے گا۔
خط میں وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ہر طرح سے بنگلہ دیش کی مدد کے لیے تیار ہے۔