پشاور،اسلام آباد،لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں 2025 کے پہلے سورج کے خوبصورت نظارے دیکھنے کو ملے اور اس موقع پر لوگوں نے ملکی ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں ۔
عوام نے گزشتہ رات تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ سال 2024 کو الوداع جبکہ نئی امیدوں اور عزم کے ساتھ سال 2025 کو خوش آمدید کہا ہے ۔
نئی امنگوں اور نئے خوابوں کے ساتھ اہل وطن کو خیبر نیٹ ورک کی جانب سے نیا سال مبارک!، اللہ رب العزت سےدعا ہے کہ نیا سال گزشتہ سال کی نسبت بہتر ہو، ملکی مسائل حل ہوں اور لوگوں کو خوشیاں زیادہ ملیں ۔
رات گئے ملک کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے نئے سال کو خوش آمدید کہا، جشن منایا اور آتش بازی بھی کی ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سال نو کے آغاز پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال پاکستانی قوم کیلئے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی لیکر آئے، صدر مملکت نے کہا کہ اُمید کرتا ہوں کہ نیا سال ترقی و خوشحالی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا سال ہو گا ۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے یکجہتی، نظم و ضبط، مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا، پاکستان کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرکے اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی ۔
نئے سال کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے 2025 کا سورج ترقی وخوشحالی کی نوید لےکرطلوع ہو ۔
2025 کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال کےآغاز پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتاہوں، دعا ہے نئے سال میں ہم انفرادی اور اجتماعی غلطیوں کو سدھار کر نئی شروعات کریں ۔