وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ہے، اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے گئے فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی ۔
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اہم ملاقات کی، جس میں صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات اور عوامی بہبود کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے ۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں دیرپا امن کے قیام، دہشت گردی کے مکمل قلع قمع اور عوامی فلاح کے کاموں کے لیے وفاق کی جانب سے مکمل مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا ۔
انہوں نے سکیورٹی فورسز اور صوبائی پولیس کے جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے گئے فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی ۔
انہوں نے اس عزم کو بھی دہرایا کہ صوبے کی مجموعی ترقی اور عوام کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے میں وفاق ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا ۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے کے شہریوں کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سماجی ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنانے پر خاص توجہ مرکوز رکھی جائے ۔
مزید برآں، انہوں نے صوبے میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے سہولیات فراہم کرنے کی بھی تلقین کی ۔
دوسری جانب گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی بحالی اور بہتری کے لیے اپنی اور خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

