اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر کسٹمز کلیئرنس، امیگریشن سمیت دیگر آپریشنز تیز کرنے اور سمارٹ سکیننگ سسٹم جلد فعال بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین ایف بی آر کے کراچی اور لاہور کے دوروں اور تاجروں و صنعت کاروں سے ملاقاتوں کے تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔
وزیراعظم نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ کے دوران 24.4 ارب روپے کی ٹیکس بے ضابطگیاں سامنے آنے پر بلاامتیاز کارروائی اور ریکوری کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سمارٹ سکیننگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے مسافروں کے سامان کو خودکار طریقے سے گرین اور ریڈ چینلز میں بھیجا جا سکے گا۔
اجلاس کو جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم پر جاری کام سے بھی آگاہ کیا گیا، جس سے سیلز ٹیکس گیپ اور سمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
اس نظام کے ذریعے سامان کی ترسیل لوڈنگ سے ڈیلیوری تک ایک ہی ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک ہوگی۔
اس میں ای بلٹی، رسک مینجمنٹ سسٹم، فیلڈ انفورسمنٹ اور اینالیٹکس ڈیش بورڈ شامل ہوں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے صوبائی نمائندگی پر مشتمل سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ میں 24.4 ارب روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں اور قانونی طریقہ کار کے تحت ریکوریاں کی جا رہی ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ دریائے سندھ کے پلوں پر انڈس کلکٹریٹ نے کام شروع کردیا ہے۔
کلکٹریٹ کے 856 اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ اب تک 302 کارروائیوں میں ایک ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کی غیر قانونی اشیاء قبضے میں لی گئی ہیں۔
سیلز ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے کے لیے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان کی چار بڑی ٹیکس پیئر یونٹس میں الگ سیلز ٹیکس زونز قائم کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پرال کے مختلف سافٹ ویئرز میں ڈیٹا انٹیگریٹی کے لیے اضافی سکیورٹی فیچرز شامل کیے جا چکے ہیں۔
فاٹا اور پاٹا ٹیکس استثنیٰ کی آڑ میں غیر مجاز کنزمپشن سرٹیفکیٹس جاری کرنے والے ایف بی آر افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی جاری ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کے کراچی اور لاہور کے دوروں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور کاروباری برادری کے متعدد مسائل حل ہو رہے ہیں۔
ایف بی آر کراچی کورنگی انڈسٹریل سٹیٹ میں اپنا دفتر قائم کر رہا ہے تاکہ صنعت کاروں کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

