وزارت مذہبی امور کے حکام کے مطابق پہلی حج پرواز 180 عازمین حج کو لے کر کل جمعرات کو کراچی ایئرپورٹ سے روانہ ہوگی۔
حکام کے مطابق پہلی پرواز جمعرات کی صبح 1:45 بجے اڑان بھرے گی۔ ان کے مطابق 180 عازمین کراچی سے مدینہ کے لیے روانہ ہوں گے جب کہ 150 عازمین کو لے کر دوسری پرواز صبح 2 بجے ارض مقدس کے لیے روانہ ہوگی۔حکومت کی باقاعدہ حج اسکیم کے تحت 68,000 سے زائد عازمین حج کو کئی ایئرلائنز کی 259 پروازوں کے ذریعے ایک ماہ طویل قبل از حج پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
24 مئی سے 9 جون تک زیادہ تر پروازیں جدہ پہنچیں گی جبکہ سعودی عرب سے پاکستان کے لیے بعد از حج فلائٹ آپریشن 20 جون سے شروع ہوگا۔پہلے دن (جمعرات) پاکستان کے ہوائی اڈوں سے 11 پروازیں 2,160 عازمین حج کو لے کر مدینہ کے لیے روانہ ہوں گی۔اسلام آباد سے تین پروازوں میں 680 عازمین کو مدینہ لے جایا جائے گا، کراچی سے 330 عازمین کو لے کر دو پروازیں روانہ ہوں گی اور 3 پروازیں 670 عازمین کو لے کر لاہور روانہ ہوں گی۔کوئٹہ اور سکھر سے پہلی حج پروازیں 11 اور 27 مئی کو روانہ ہوں گی۔
قبل ازیں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمین حج کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی۔ اسی مناسبت سے عازمین کی ویکسی نیشن 30 اپریل کو ہوئی تھی کیونکہ مسافروں کو حج پروازیں شروع ہونے سے 10 دن پہلے لازمی ویکسینیشن کروانا ضروری ہے۔عازمین کے لیے اسمارٹ فون ساتھ رکھنا لازمی ہے تاکہ وہ اپنے حج کے سفر کے دوران ایپس سے مدد لے سکیں۔