اداکارہ ہانیہ عامر اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ منفرد انداز، دلکش مسکراہٹ اور خوبصورتی کی وجہ سے مداحوں میں خاصی مقبول ہیں، تاہم اس بار وہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے باعث شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔
حال ہی میں ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ کراچی کی سڑکوں پر موٹر سائیکل کی پچھلی نشست پر بغیر ہیلمٹ سفر کرتی نظر آئیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ تیز رفتار موٹر سائیکل پر کھڑی ہو کر رقص اور کرتب کر رہی ہیں جبکہ موٹر سائیکل چلانے والے بھی کسی حفاظتی تدبیر پر عمل نہیں کر رہے تھے۔
اس ویڈیو پر لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کی آسٹریلوی نژاد اہلیہ، شنیرا اکرم نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے "غیر ذمے دارانہ” قرار دیا۔ شنیرا اکرم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ برسوں سے روڈ سیفٹی کے حوالے سے کام کر رہی ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ہر شخص، خاص طور پر مشہور شخصیات، کو اپنے فالوورز پر مثبت اثر ڈالنا چاہیے۔ ان کے مطابق یہ ویڈیو خطرناک اور غیر محتاط رویے کو فروغ دیتی ہے۔
شنیرا اکرم نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہانیہ عامر سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں اور وہ خوش ہیں کہ ہانیہ کسی چوٹ سے محفوظ رہیں، لیکن سوشل میڈیا پر ایسے مناظر شیئر کرنا ہزاروں نوجوانوں کے لیے خطرناک مثال بن سکتا ہے۔
تاہم، اس بیان پر اب تک ہانیہ عامر کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے بڑی تعداد میں شنیرا اکرم کے مؤقف کی تائید کی اور کہا کہ ہانیہ کو چاہیے تھا کہ وہ روڈ سیفٹی کی اہمیت اجاگر کرتیں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتیں۔