کاٹلنگ(نمائندہ اخبار خیبر)تحصیل انتظامیہ اور وکلا کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے،اسسٹنٹ کمشنر کے رویئے کے خلاف بار ایسو سی ایشن سراپا احتجاج، اے سی کی عدالت کو تالے لگادیئے ،سرکاری گاڑی کی چابی بھی چھین لی۔
کاٹلنگ بار ایسو سی ایشن کے وکلا اور اسسٹنٹ کمشنر کے مابین اختلافات نے مزید شدت اختیار کرلی ، اسسٹنٹ کمشنر کے رویئے کے خلاف وکلا میدان میں آگئے اور اسسٹنٹ کمشنر کی عدالت پیش ہونے سے کا بائیکاٹ کا اعلان بھی کردیا ۔
وکلا نے اسسٹنٹ کمشنر کی سرکاری گاڑی بھی زبردستی چھین کر چابی اپنے پاس رکھ لی ۔اسسٹنٹ کمشنر کی عدالت کو زبردستی تالے لگا دیئے۔
بار ایسو سی ایشن کے عہدیداروں کا موقف تھا کہ جب تک اسسٹنٹ کمشنر معافی نہیں مانگتےیا ان کا تحصیل سے تبادلہ نہیں کیا جاتا تب تک ان کی عدالت سے بائیکاٹ جاری رہے گا۔
دوسری جانب مردان تحصیل بار ایسو سی ایشن سے بھی وکلا کاٹلنگ بارروم پہنچے اور کاٹلنگ بار کے وکلا برادری کی حمایت کا اعلان کردیا ۔
بعدازاں تحصیل بار کاٹلنگ اور اسسٹنٹ کمشنر کے درمیان صلح ہوگئی اور وکلا نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کی چابی بھی واپس کی اور ان کے دفتر کو لگایا گیا تالا بھی کھول دیا ۔