ایران کے صدر مسعود پزشکیان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہیں ۔
لاہور: اپنے پہلے دورہ پاکستان میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان لاہور پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے، جہاں ان کا استقبال سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کیا، پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
ایران کا وفد شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دے گا، لاہور بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، آج ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت بھی دی جائے گی ۔
معزز مہمان کل اسلام آباد میں صدر، وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، وفاقی دارالحکومت کو خیر مقدمی بینرز اور دونوں ملکوں کے پرچموں سے سجا دیا گیا ہے ۔
پاکستان اور ایران کے تعلقات سیاسی، اقتصادی، مذہبی اور ثقافتی پہلوؤں پر محیط ہیں اور اس دورے کے مقاصد میں صوبائی و سرحدی تعاون کو فروغ دینا اور دوطرفہ تجارت کو موجودہ 3 ارب ڈالر سے بڑھانا شامل ہے ۔